نیو یارک + اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ گئے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عبّاس بخاری بھی اس دورہ امریکہ میں وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک دنیا بھر سے آئے ہوئے سربراہان مملکت، مندوبین کے سامنے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین بھارتی مظالم کا پردہ چاک کریں گے اور نہتے کشمیریوں کا مقدمہ انتہائی موثر انداز میں اقوام عالم کے سامنے پیش کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان اپنے اس دورہ امریکہ کے دوران مختلف ممالک سے تشریف لائے ہوئے سیاسی رہنماﺅں سے ون آن ون ملاقاتیں بھی کریں گے۔