ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں حساس اداروں، سی ٹی ڈی اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے بڑے منصوبے ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں حساس اداروں، سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) اور پولیس نے چشمہ روڈ میں ایک خالی مکان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے تیار شدہ آئی ای ڈیز، بارودی مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز، کلاشنکوف، 2 عدد پستول سمیت دیگر اسلحہ و بارودی مواد برآمد کیا۔
جبکہ دوسری کارروائی ڈیرہ کے علاقے ظفر آباد میں کی گئی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی پولیس نے 10 آئی ڈیز، 4 ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، خودکش جیکٹ میں استعمال ہونے والے پریما کارڈز، بارودی مواد، 5 اور 10 کلو وزنی دیسی ساختہ 20 عدد بم اور پولیس کی 4 عدد وردیاں برآمد کرکے ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
جبکہ تیسری کارروائی تھانہ ڈیرہ ٹائون کے علاقہ ظفر آباد کالونی میں ایک مکان میں کی گئی۔ مکان کے تہہ خانے سے برآمد ہونیوالے اسلحے میں ایک کلاشنکوف معہ میگزین، 60 عدد گالیاں، 2 عدد پستول 30 بور بمعہ 48 گولیاں، 9 عدد ایم ایم پستول اور 41 گولیاں، 12الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، 66 عدد نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، 7 کلو گرام خشک بارودی مواد، آدھا کلو لیکوئیڈ بارود، 4 عدد دستی بم و دیگر سامان شامل ہیں، برآمد کیا گیا
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈیرہ پولیس نے دیسی ساختہ دس کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنادیا تھا۔