جنگ محدود نہیں ہوگی، پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا: ایرانی وزیر خارجہ

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ جنگ ہوئی تو یہ محدود نہیں ہوگی بلکہ پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا۔

امریکی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں جواد ظریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو ویزے جاری کرنا امریکا کی ذمہ داری ہے، امریکا نے مجھے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت سے روکنے کی پوری کوشش کی، ویزے کے ساتھ منسلک خط میں مجھے ویزے کے لیے نااہل قرار دیا گیا، مجھے ویزے کا اجرا استثنیٰ کی بنیاد پر ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو یہ محدود نہیں بلکہ پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا، ہم پر اعتماد ہیں کہ جو جنگ کی شروعات کرے گا وہ جنگ کا اختتام نہیں کرے گا اور جنگ کا آغاز ہم نہیں کریں گے۔

جواد ظریف نے مزید کہا کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا معاملہ غلط سمت کی طرف لے جایا جارہا ہے، ممکن ہے کہ ہم سعودی تیل تنصیبات پر حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی تحقیقات کو قبول نہ کریں کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ کس بنیاد پراقوام متحدہ کےماہرین کو بھیجا گیا ہے، اقوام متحدہ نے تحقیقات کے لیے ماہرین بھیجنے پر ہم سے مشاورت نہیں کی، اقوام متحدہ نے غیرجانبدار تحقیقات کیں تو ثابت ہوجائے گا کہ حملہ ایران نے نہیں کیا۔

دوسری جانب ايرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر ميجر جنرل حسين سلامی نے بھی کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے ليے تيار ہیں ايران پر حملہ کرنے والا کوئی بھی ملک خود ميدان جنگ بن جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے یمن کے حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کی دو بڑی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی البتہ امریکا اور سعودی عرب نےاس کی ذمہ داری ایران پر ڈالی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں