13

ہنگو: پرانی دشمنی، مسافر کوچ پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق، 4 زخمی

ہنگو (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں بچے سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقے زرگیری میں نامعلوم حملہ آوروں نے مسافر کوچ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار اور امدادی رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 3 افراد دم توڑ گئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جس فریق نے مسافر وین پر فائرنگ کی ہے انکے خاندان کے ایک شخص کو مخالفین نے 2013 میں بموں سے اڑا دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد ہنگو ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ علاقہ زرگری میں ان پر دشمنوں نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے جاں بحق افراد میں ایک مسافر خاتون اور ایک سالہ بچہ بھی شامل ہیں جبکہ 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن کو ہدف بناکرقتل کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ میں مسافر کوچ میں سوار 4 افراد زخمی بھی ہوئے جن کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کردیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں