کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں زراعت آفس کے سامنے دو دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ ایک شہری سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسرے خودکش بمبار نے خود کو سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب اڑا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر زراعت آفس روڈ کے قریب 2 دھماکے ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار غلام محمد شہید ہوگیا جبکہ ایک شہری سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک خودکش بمبار نے خود کو سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب اڑا دیا، جبکہ دوسرے حملہ آور کو پولیس ایگل سکواڈ نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق یہ پہلا دھماکا خودکش تھا جبکہ پولیس نے دوسرے حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔
یاد رہے کہ تین روز قبل بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے چمن میں دھماکا ہوا تھا، دھماکے میں 4 افراد شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والوں میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف بھی شامل تھے جبکہ دھماکے میں 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔