18

بلوچستان: قلعہ سیف اللہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے لیویز فورس کا اہلکار شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق قلعہ سیف اللہ کے علاقہ مسلم باغ کے مقام پر دہشت گردوں نے ڈیوٹی پر آنیوالے لیویز فورس کے اہلکار رفیع اللہ کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے لیویز اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ موٹر سائیکل سوار حملہ آور موقعے سے فرار ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر لیویز فورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر لاش کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

واقعے کے خلاف کوئٹہ ژوب اور کوئٹہ لورالائی قومی شاہراہ بند کردی گئی جبکہ مسلم باغ شہر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال رہی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طو پر گرفتار کیا جائے۔ مسلم باغ میں مسلسل واقعے ہورہے ہیں لیکن ملزمان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اپنے ایک بیان میں مذکورہ ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

خیال رہے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں پولیس اور لیویز اہلکاروں پر ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے گذشتہ روز ضلع لورالائی میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایگل فورس کا ایک اہلکار شہید اور تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک خودکش بمبار مارا گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں