14

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی

کراچی (ڈیلی اردو) پاکستان نے تیسرے اور آخری مقابلے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کرتین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں کامیابی کا جمود ٹوٹ گیا اور گرین شرٹس نے سال کی پہلی ون ڈے سیریز کی ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 298 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں عابد علی، فخرزمان اور حارث سہیل نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فخر زمان اور عابد علی پر مشتمل گرین شرٹس کی نئی جوڑی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے عابد علی نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے 74 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی ، ان کی اننگز میں 10 دلکش چوکے بھی شامل تھے جب کہ فخرزمان نے بھی نصف سنچری بنائی، وہ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

بابر اعظم مجموعے میں 31 رنز کا اضافہ کر کے چلتے بنے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل کے مابین 55 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم آؤٹ آف فارم کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور 22 رنز پر بولڈ ہوگئے، دوسری جانب حارث سہیل ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کے قریب لے آئے لیکن فتح سے چند قدم کی دوری پر وہ افتخار احمد کا ساتھ چھوڑ گئے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1179459728805695489?s=19

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 297 رنز بنائے۔ گناتھلاکا اور فرنانڈو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عامر نے تیسرے ہی اوور میں فرنانڈو کو پویلین واپس بھیج دیا وہ صرف 4 رنز بناسکے جس کے بعد کپتان تھری مانے نے گناتھلاکا کے ساتھ ملکر 88 رنز کی شراکت داری قائم کی ،تھریمانے 36 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

گناتھلاکا نے انجلو پریرا کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی لیکن پریرا 13 رنز پر شنواری کا شکار بن گئے تاہم گناتھلاکا نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی جس میں ایک چھکا اور 12 چوکے شامل تھے۔

گناتھلاکا نے وکٹ کیپر بیٹسمین منود بھنوکا کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور دونوں کے درمیان 74 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم 225 کے مجموعے پر بھنوکا رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 36 رنز بنائے جس میں 2 چھکے بھی شامل تھے جس کے بعد جے سوریا 3 رنز کا اضافہ کر کے کیچ تھما بیٹھے، سری لنکا کی چھٹی وکٹ گناتھلاکا کی صورت میں گری جو محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے، گناتھلاکا نے ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنائے جس کے بعد ڈی سلوا 10، سنداکن صفر اور شاناکا 43 رنز بنا کر پویلین لوٹے، مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 297 بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز کے ایک ایک وکٹ آئی۔

تیسرے میچ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اوپنر امام الحق کی جگہ عابد علی اور عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا البتہ فاسٹ بولر محمد حسنین کو ون ڈے ڈیبیو کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں