بیجنگ (ڈیلی اردو) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کاداعی ہے لیکن اس سے قوم کے وقار یا اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آرمی چیف نے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ہان ویگو کمانڈر پی ایل اے جنرل ژو قلینگ سے ملاقات کی۔ جس میں علاقائی سلامتی، مقبوضہ جموں وکشمیر اور پاک چین دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے چینی فوجی قیادت کو مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، بھارت کو کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنا چاہیے۔
اس موقع پر چینی فوجی قیادت نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہوئے امن کے مفاد میں پاکستانی طرز عمل کی تعریف کی۔ دونوں ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خطے میں امن اور استحکام کے لئے سنگین مضمرات ہوں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن اس سے قوم کے اصولوں یا وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
فریقین نے خلیج کی ترقی پذیر صورتحال اور افغانستان میں امن کے لئے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔