اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے دہشت گردی کے خلاف ان کے مؤقف کی حمایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور دہشت گردی کے خلاف ان کے موقف کی تائید کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے باعث 70 ہزار جانوں کا نقصان برداشت کیا اور 30 لاکھ مہاجرین کا بوجھ دہائیوں تک برداشت کیا، دہشت گردی کے خلاف ترکی کے موقف کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان ترکی کو درپیش چیلنج اور خطرات کو سمجھتا ہے اور ترکی کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ترکی کی شام کے مسئلے کے حل اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم نے ترک صدر کو بتایا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ترک صدر کے پرجوش استقبال کے منتظر ہیں۔