اسلام آباد (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامورگورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ پاکستان نے بھارت کی ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا۔
بھارتی ناظم الامورگورو اہلووالیا لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر ڈی جی ساؤتھ ایشیاء و سارک ڈاکٹر فیصل نے دفتر خارجہ طلب کیا اور ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج بھی کیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ بھارتی افواج نے ایل او سی کے نیزہ پیر، شاردا، ستوال، بگسر، تتری نوٹ، چری کوٹ اور بروہ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے 10 سالہ بچہ فیضان شہید ہوا۔ بھارتی افواج کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 16 بے گناہ شہری زخمی بھی ہوئے تھے۔