واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکا نے سعودی عرب میں مزید 3 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 14 ستمبر کوسعودی تیل تنصیبات پر حملوں اور خلیج میں بڑھتی کشیدگی کے باعث پینٹاگون نے سعودی عرب میں مزید 3 ہزار فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی سیکریٹری ڈیفنس مارک اسپر نے فوجی تعینات کرنے کے علاوہ دو پیٹریاٹ میزائل، ایک “تھاڈ” میزائل ڈیفنس سسٹم، دو فائٹر اسکواڈرن اور ایک ائیر ایکسپاڈشنری ونگ تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی سیکریٹری ڈیفنس نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کواس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔
امریکی سیکریٹری خارجی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے امریکہ سے مدد کی درخواست کی تھی۔
امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ خطے میں درپیش خطرات’ کے پیشِ نظر امریکی افواج کو سعودی عرب میں تعینات کیا جا رہا ہے۔یہ اقدام خلیج میں ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے دوران بحری راستوں کی حفاظت کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 14 ستمبر کو سعودی آئل تنصیبات پر حملہ ہوا تھا جس کے باعث بین الاقوامی طور پر آئل کی ترسیل متاثر ہوگئی تھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔