دہشت گردوں کا مسجد پر حملہ، 16 نمازی شہید

سالموسی (ڈیلی اردو) مغربی افریقا کے ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں مسلح افراد نے مسجد پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 16 نمازی شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق برکینافاسو کے شہر سالموسی میں واقع جامع مسجد میں رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا گیا جہاں 13 نمازی موقعے پر ہی شہید ہوگئے جبکہ دیگر 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

قریبی قصبے کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ اس حملے کے بعد شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، فوج کی موجودگی کے باوجود تناؤ کا ماحول پایا جاتا ہے۔

مسجد پر حملے کے بعد ایک ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت اواگادوگو کی جانب امن مارچ کیا اور افریقا میں غیر ملکی فوجی بیسز کی موجودگی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاج کے منتظمین میں شامل گیبن کوربیوگو کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی مداخلت کے لیے دہشت گردی ایک اچھا بہانہ مل گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی، امریکی، کینیڈین، جرمن اور دیگر فوجوں نے ہمارے خطے میں قدم جما رکھے ہیں اور کہتے ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں لیکن اس قدر موجودگی کے باوجود دہشت گر گروپ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق افریقا کا غریب ملک برکینا فاسو 2015 تک دہشت گردی کی خطرناک لہر کی لپیٹ میں تھا جس سے پڑوسی ممالک مالی اور نائیجر بھی متاثر ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برکینا فاسو میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے چند گروپ اور دہشت گرد تنظیم داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں نے شمال اور مشرقی علاقوں میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جو بعد جنوبی اور مغربی علاقوں تک پھیل گیا تھا۔ مائنز اور خودکش حملوں سمیت دیگر انداز میں کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں جس کے نتیجے میں کم ازکم 600 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں