تہران (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازع سے امن کے ساتھ خطے کی معیشت کو بھی نقصان ہو گا۔
وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک روزہ دورے پر ایران میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی دوست ممالک ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں حالیہ واقعات خصوصاً خلیج فارس اور دیگر معاملات پر بات کی، سیکیورٹی اور امن سے متعلق صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ ایران کےخلاف امریکا کے جابرانہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اگر کوئی سمجھتا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کے بدلےکوئی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ غلطی پر ہے: ایرانی صدر
حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران مل کر خطے کے استحکام کے لیے کام کر سکتے ہیں، پاکستان اور ایران سمجھتے ہیں کہ علاقائی مسائل مذاکرات سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کو سراہتے ہیں اور خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ خیر سگالی جذبے کے جواب میں خیر سگالی کا ہی مظاہرہ کیا جائے گا لیکن اگر کوئی ملک سمجھتا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کے بدلےکوئی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ غلطی پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یمن میں فوراً جنگ بند اور عوام کی مدد کی جائے اور امریکا کو چاہیے کہ ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا اقدام پاکستان نے خود اٹھایا : عمران خان
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ صدرحسن روحانی سے یہ میری تیسری ملاقات ہے جس میں باہمی تعلقات، تجارت اور ایک دوسرے سے تعاون کے طریقہ کار پر بات کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میرے دورے کا اہم مقصد ہے کہ ہم خطےمیں ایک اور تنازع نہیں چاہتے، ہم ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتے کیونکہ ایران ہمارا پڑوسی ملک جب کہ سعودی عرب نے ہر ضرورت پر ہماری مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازع سے امن کے ساتھ معیشت کو بھی نقصان ہو گا، اور جنگ کی صورت میں خطے میں غربت پھیلے گی اس لیے ہم دو برادر ملکوں کے درمیان سہولت کاری کرنا چاہتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا اقدام پاکستان نے خود اٹھایا ہےکسی نے نہیں کہا، ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات حوصلہ افزائی رہی۔
اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بھارت نے80 لاکھ کشمیریوں کوقید کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے ایران کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔
ٹرمپ نے ایران امریکا ڈائیلاگ میں سہولت کاری کی خواہش ظاہر کی تھی: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے نیویارک میں ایران امریکا ڈائیلاگ میں سہولت کی خواہش ظاہر کی تھی، میں نے اس معاملے پر صدر حسن روحانی سے تفصیل سے بات کی ہے، مجھے معلوم ہے کہ اس سلسلے میں مشکلات حائل ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ایران پر پابندیاں ہٹوانے کے لیے ڈائیلاگ میں سہولت کاری اور ایٹمی ڈیل پر دستخط کے لے جو ہو سکا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو اس معاملے پر کچھ تحفظات ہیں لیکن سہولت کاری کا عمل جاری ہے اور مستقبل میں بھی کوششیں جاری رکھیں گے۔