نیو یارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس نے مغربی افریقہ کے مسلم ملک برکینافاسو کی مسجد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے برکینہ فاسو کی حکومت ، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ اور پائیدار ترقی کیلئے برکینا فوسو حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو مالی سے متصل سرحد ی قصبے سلموسی کی جامع مسجد پر مسلح حملے میں 15 افراد شہید اور 4 زخمی ہو گئے تھے ۔ پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 2019 اور 2018ء کے دوران 472 حملوں میں 500 سے زائد شہادتیں ہوئیں جبکہ بدامنی کے باعث 4 لاکھ 86 ہزار شہری بے گھر ہوئے۔
دریں اثناء افریقہ میں امن سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس کے موقع پر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ افریقی سرحدوں پر دہشت گردنیٹ ورک کا پھیلاؤ بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔