واشنگٹن (ڈیلی اردو) شام میں ترک فوج کی کارروائی کے خلاف امریکا نے ایکشن لیتے ہوئے ترکی پر اسٹیل ٹیرف عائد کردیا۔
امریکا نے ترکی کے ساتھ تجارتی مذاکرات بھی ختم کرنے کے ساتھ ترکی کے وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیر توانائی کو بلیک لسٹ کردیا۔
تینوں وزرا کے امریکا میں اثاثے بھی منجمد کردیے گئے۔ متعلقہ وزرا اب امریکا کا سفر بھی نہیں کر سکیں گے۔
امریکی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ترک حکومت کی کارروائی سے بے گناہ شہری خطرے میں ہیں اور خطہ عدم استحکام کا شکار ہورہا ہے، اس کے علاوہ داعش کو شکست دینے کی مہم بھی کمزور پڑ رہی ہے۔
ادھر امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے ترک مداخلت کی وجہ سے داعش کے گرفتار جنگجو فرار ہوگئے، ترک کارروائیاں داعش کو شکست دینے کے مشن کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ مارک ایسپر نے کہا ترک حملوں کے خلاف پابندیوں کے لیے نیٹو اتحادیوں کو اقدامات کا کہوں گا۔