جوانوں اور شہریوں کی شہادت: بھارتی ڈپٹی ہائی کشمنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں کی شہادت کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروف آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے طلب کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی فوج نے 19 اور 20 اکتوبر کو ایل او سی پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز ایل و سی پر خودکار ہتھیاروں، بھاری اسلحہ سے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں اور سنگین تذویراتی غلط فہمی کا موجب ہوسکتی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے حقائق سامنے لانے کیلئے سلامتی کونسل مستقل ارکان کے سفراء کو ایل او سی کے دورہ کی پیشکش کردی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں