وزیراعظم عمران خان کی ایل او سی پر بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت

اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔

بھارتی فوج کی جانب سے 24 گھنٹے کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور 6 شہری شہید ہوگئے۔

اِن حملوں میں دو سپاہیوں سمیت 10 سے زائد شہری زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ سپتال منتقل کردیا گیا۔ 

خیال رہے کہ پاک فوج نے بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا اور جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے جبکہ 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ ہوئے۔

وزیراعظم نے پاک فوج کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے اور جرات و بہادری پر سلام بھی پیش کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں