بلوچستان: ‏کوئٹہ میں اسپنی روڈ پر پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، 3 اہلکاروں سمیت 5 زخمی

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق دھماکا اسپنی روڈ پر پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس میں تین اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

دھماکا بہت شدید نوعیت کا تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت سب انسپکٹر نثار احمد، ڈرائیور خان محمد اور پولیس گن مین ارسلان کے نام سے ہوئی۔ جبکہ دھماکے میں دو شہری بھی زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 15 اکتوبر کو بھی کوئٹہ کے علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن نیو اڈا کے قریب دھماکا ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ دھماکا بھی پولیس موبائل کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کی مدد سے کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں