ایل او سی: پاک فوج نے27 فروری سے اب تک 60 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا، میجر جنرل آصف غفور

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ 27 فروری 2019 سے اب تک پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر 60 سے زائد بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے کیے گئے ایک ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ اسی عرصے میں پاکستان نے کئی بھارتی فوجیوں کو زخمی اور ان کے بنکرز کو تباہ کیا، آرٹلری گن (توپ خانوں) کی پوزیشن کو بھی نقصان پہنچایا اور جگہ تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ پاک فضائیہ نے 2 بھارتی ایئرفورس کے طیاروں کو مار گرایا جبکہ بھارتی فورسز نے خوف کے مارے اپنے ہی 2 ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنا دیا۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 پیراملٹری اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور بھارت کی جانب سے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا جبکہ پاکستان نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

26 فروری کو بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں در اندازی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ تباہ کردیا۔

بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کو پاک فضائیہ نے ناکام بناتے ہوئے اور بروقت ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔

جس کے بعد 27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں طیاروں کو مار گرایا، جس میں سے ایک کا ملبہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرے کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا۔

ساتھ ہی پاکستان نے ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا تھا، جسے بعد میں جذبہ خیرسگالی کے تحت واپس بھارت کے حوالے کردیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی اور بھارت کی جانب سے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ میں اضافہ ہوگیا تھا۔

تاہم وقفے وقفے سے ہونے والی بھارتی فوج کی اس اشتعال انگیزی کا پاک فوج موثر جواب دیتی ہے اور 6 اگست کو پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ 19 اور 20 اکتوبر کے درمیان آزادجموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 6 شہری شہید ہوگئے، جس پر پاک فوج نے موثر جواب دیتے ہوئے 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ دیگر 9 زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ 2 بھارتی بنکرز کو بھی تباہ کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں