شمالی وزیرستان: میران شاہ میں فائرنگ سے شہید ایس پی طاہر داوڑ کے بہنوئی جاں بحق

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں فائرنگ سے شہید ایس پی طاہر داوڑ کے بہنوئی جاں بحق ہوگئے۔

میرانشاہ میں میرعلی سب ڈویژن کے گاؤں خدی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں منصور خدی جاں بحق ہوگئے۔ انہیں خدی کی مرکزی مارکیٹ میں نشانہ بنایا گیا۔

منصور خدی ایس پی طاہر داوڑ کے بہنوئی تھے اور ملزمان انہیں قتل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ شہید ایس پی طاہر خان داوڑ کو گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں وفاقی دارالححکومت اسلام آباد سے اغوا کیا گیا تھا اور اغوا کے چند روز بعد انکو قتل کردیا گیا تھا۔ شہید ایس پی طاہرخان داوڑ کو افغانستان میں قتل کیا گیا تھا اور انکی لاش کو طورخم بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں شہید کیے گئے خیبرپختونخوا کے اعلیٰ فسر ایس پی طاہر داوڑ کےاہلخانہ کے لیے 5 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ 4 دسمبر 1968ء کو شمالی وزیرستان کے گاؤں خدی میں پیدا ہونے والے ایس پی رورل پشاور طاہر داوڑ شہید نے 23 سال تک پولیس میں خدمات انجام دیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں