ایران میں امریکی خفیہ ایجنسی ‘سی آئی اے’ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ایجنٹ گرفتار

تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے سے تعلقات کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جاری مظاہروں کے دوران ایرانی فورسز نے آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے سے بتایا جارہا ہے۔

ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ان گرفتار افراد نے سی آئی اے کے تعاون سے صحافی بننے کی آڑ میں کئی ممالک میں تربیت حاصل کی ہے۔

ایرانی انٹیلی منسٹری کا کہنا ہے کہ چھ افراد کو احتجاج میں شرکت کے دوران گرفتار کیا گیا جبکہ دو افراد کو معلومات بیرون ملک بھیجنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف حالیہ مظاہروں کو سازش قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ اس سازش میں امریکا ملوّث ہے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی مظاہروں کو امریکی اور بیرونی ممالک کی سازش قرار دیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں