سبی (سید طاہر علی) بلوچستان کے ضلع سبی کے سٹی پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع سبی میں نامعلوم شرپسندوں نے سٹی پولیس اسٹیشن پر دستی بم پھینکا۔
پولیس کے مطابق شرپسندوں نے دستی بم تھانے کے اندر پھینکنے کی کوشش کی تاہم دھماکا پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب ہوا، دھماکا شدید ہونے کے باعث تھانے اور قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور اس دھماکے میں نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔
دستی بم پولیس اسٹیشن پر پھینکنے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہو گئے۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری سٹی تھانے پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ یہ دھماکہ دہشتگردی کی واردات ہے تاہم خوش قسمتی سے اس میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔