14

پاراچنار: بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کا احتجاجی مظاہرہ، مستقل کرنے کا مطالبہ

پاراچنار (محمد صادق) بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کا طلبہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ، حکومت سے کمیونٹی اساتذہ کے ساتھ کئے گئے وعدے جلد پورے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

پاراچنار پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز آل پاکستان کے صدر مظاہر حسین عرفانی اور دیگر اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز 1995 سے ملک بھر کے 137 اضلاع میں سات لاکھ طلبہ و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں اور ان سکولوں میں 11908 اساتذہ جن میں 70 فیصد فیمیل ٹیچرز ہیں اور وہ دور دراز پسماندہ علاقوں میں تعلیم کی روشنی پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیبر لاء کے مطابق مزدور کی کم از کم اجرت 20000 روپے ہیں جبکہ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کو صرف آٹھ ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملتی ہیں اور وہ بھی بدقسمتی سے گذشتہ کئی ماہ سے بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے کمیونٹی اساتذہ کو ایک سال کے اندر مستقل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر تاحال عملدرآمد نہ ہوسکا اور اساتذہ کو 25 سال سے خدمات انجام دینے کے باوجود مستقل نہ کرنا انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے اساتذہ رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ اور وزیر تعلیم شفقت محمود سے اساتذہ کو مستقل کرنے اور تنخواہوں کی بندش کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں