بھارتی فوج نے گزشتہ تین عشروں میں 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا: رپورٹ

سری نگر (ڈیلی اردو) انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین عشروں میں اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں پچانوے ہزار سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، آٹھ ہزار کشمیریوں کو لاپتا، گیارہ ہزار ایک سو پچھتر خواتین کی عصمتوں کو تار تار کیا۔

انسانی حقوق کےعالمی دن پر کشمیر میڈیا سروس نے کشمیریوں پر قابض فورسز کے 1989 سے آج تک ہونے والے مظالم کی رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق قابض فورسز نے انیس سو نواسی سے آج تک 95,471 معصوم کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ 8 ہزار سے زائد کشمیریوں کو حراست کے دوران لاپتاکیا۔ مودی کے سفاک سپاہیوں نے 11,175 خواتین کی عصمتوں کو تار تار کیا۔ اس بربریت کے باعث ایک لاکھ سے زائد بچے یتیم اور 22,910 خواتین بیوہ ہو گئیں۔

مودی کے خون آشام سپاہیوں نے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کے مکانات کو تباہ کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو بھارتی حکومت کے کشمیریوں کے لئے بنائے گئے کالے قانون کے تحت نظربند کیا ہوا ہے۔

ادھر حریت رہنماوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دوسری تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اپنی ٹیمیں وہاں بھیجیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں