خانہ جنگی: رواں سال کے دوران 4 لاکھ یمنی شہری بے گھر ہوگئے: اقوام متحدہ

نیویارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے امور پناہ گزین کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں جاری لڑائی کے نتیجے میں رواں سال کے دوران اب تک چار لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یو این رپورٹ کی’ٹویٹر’ پر جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں جاری لڑائی اور خانہ جنگی کے نتیجے میں سال 2019ء کے اوائل سے اب تک تین لاکھ 93 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں جاری لڑائی کے نتیجے میں شہریوں کی نقل مکانی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی برادری کی طرف سے یمن میں ہجرت کرنے والے شہریوں کی بہبود کے لیے خاطر خواہ رقم نہیں دی گئی۔

رواں سال امداد دینے والے ملکوں نے یمنی پناہ گزینوں اور جنگ سے متاثرہ شہریوں کی امداد کے لیے دو ارب 60 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس وقت قریبا 2 کروڑ یمنی جنگ کی وجہ سے خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں یا غیرملکی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں