اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ہائیکورٹ کے گیٹ کے سامنے دھماکا ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے قریبی کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے باہر ایک رکشے میں اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے تاہم حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا جس نے سرچنگ کے بعد علاقے کو کلئیر قرار دیا۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی 11 افراد کو ہسپتال لایا گیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
https://twitter.com/DrMuneerHassan/status/1206514995854499841?s=08
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، زخمیوں کی شناخت رکشا ڈرائیور جاوید ولد قدر گل، پولیس کانسٹیبل شہباز اور راہ گیر نعیم کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو اداروں کی جانب سے دھماکے کے فوری بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رکشے میں دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا ہے، جبکہ دھماکے میں 4 سے 5 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا ہے اور دھماکے کے مقام سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔