طرابلس (ڈیلی اردو) لیبیا کی قومی فوج کے ترجمان میجر جنرل المسماری نے کہا ہے کہ فوج نے ترکی ایک اور ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا فوج کے جنرل المسماری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کا بغیر پائلٹ ایک ڈرون طیارہ لیبی فوج پر بمباری کے لیے چھوڑا گیا تھا مگر اسے فضاء میں تباہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے لیبی قوم کے خلاف اعلانیہ اور کھلی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی فوج نہ صرف قومی وفاق حکومت کی وفادار ملیشیائوں کے خلاف برسر پیکار ہے بلکہ ہماری جنگ لیبیا کے دشمنوں کے خلاف بھی ہے۔ ان میں ترکی پیش پیش ہے جس نے لیبیا کو عدم استحکام سے دوچار کرنے لیے قومی وفاق حکومت اور اس کی وفادار ملیشیائوں کو سیاسی اور عسکری امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
گزشتہ روز لیبی فوج نے کہا تھا کہ ہم لیبیا کی سرزمین پر ایک بھی غیرملکی فوجی کا وجود برداشت نہیں کریں گے۔ لیبیا کی فوج نے ترکی کی طرف سے طرابلس کی ملیشیائوں کی معاونت کے لیے فوج بھیجنے کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا کہ ہم اپنے ملک میں کسی غیرملکی فوجی کا وجود گوارا نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر قبضے کے لیے لیبی فوج اور قومی وفاق حکومت کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ عالمی سطح پرتسلیم شدہ لیبی حکومت کو ترکی کی اعلانیہ حمایت حاصل ہے جب کہ لیبی فوج جس کی کمان جنرل حفتر کے پاس ہے قومی وفاق حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے کوشاں ہے۔