راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے یوم شہادت پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محمد محفوظ نے واہگہ بارڈر پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر کے اڑتالیس ویں یوم شہادت پر انسپکٹر جنرل آرمز جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے شہید کے مزار پر حاضری دی اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔
لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر پانے والے ملک کے ہیرو ہیں۔ لانس نائیک محمد محفوظ نے1971 کی جنگ میں واہگہ بارڈر پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ محمد محفوظ دشمن کی گولہ باری سے زخمی ہونے کے باوجود نہتے ہی دشمن کے مورچے میں گھس گئے اور ان کو جہنم واصل کیا جس سے دشمن کی گولہ باری بھی رک گئی۔ انکی جرات اور بہادری کے اعتراف میں حکومت حکومت پاکستان نے ان کو سب سے بڑے قومی اعزاز نشان حیدر سے نوازا تھا۔