20

افضل گورو کی چھٹی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

سرینگر (ویب ڈیسک) حریت رہنما محمد افضل گورو کی چھٹی برسی پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق افضل گورو کی برسی کے موقع پر حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے اور کشمیری شہری بھارتی قابض افواج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

ہڑتال کے دوران سری نگر سمیت پوری وادی میں کاروبارِ زندگی معطل ہے جبکہ تعلیمی مراکز بھی بند ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے افضل گورو کو 13 دسمبر 2001 کو بھارتی پارلیمنٹ پر ہونے والے حملے کے الزام میں 9 فروری 2013 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں خفیہ طور پر پھانسی دے کر جیل کے احاطے میں ہی دفن کردیا تھا۔

پھانسی کے وقت افضل گورو کی عمر 44 برس تھی، انہیں نہ تو قانونی پیروی کا موقع دیا گیا اور نہ ہی پھانسی سے قبل اہلخانہ سے ان کی ملاقات کروائی گئی۔

محمد افضل گورو کی زندگی علم، فن اور مزاحمت سے عبارت تھی۔

واضح رہے کہ پیر (11 فروری) کو حریت رہنما مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر بھی وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، انہیں 11 فروری 1984 کو بھارت نے پھانسی دے دی تھی۔

مشترکہ حریت قیادت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ مقبول بٹ اور افضل گورو کی جدوجہد اور شہادت کشمیر کی تاریخ کا تابناک باب ہے اور کشمیری اپنے شہدا کی قربانیاں فراموش نہیں کریں گے۔

حریت قیادت نے افضل گورو اور مقبول بٹ کی باقیات کو کشمیریوں کےحوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں