ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان ایک روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دورہ دونوں برادرانہ ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے طریقے پر تبادلہ خیال کے لیے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یو اے ای کے ولی عہد نے 6 جنوری 2019 کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ یہ دورہ امارات کی جانب سے پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے دیے گئے 3 ارب ڈالر کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا تھا۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ یو اے ای کے ولی عہد کا یہ دورہ امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نیہان بن مبارک النیہان کے اس دورے کے چند روز بعد ہوگا، جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی تھی اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شاہ فیصل بن فرحال السعود اور اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید بن سلطان النیہان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ 14 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ابوظہبی کا دورہ کیا تھا۔

اس دورے میں وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی اور دوطرفہ معاملات اورخطے کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا تھا جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ابوظہبی کے ولی عہد سے ملاقات میں ‘علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال’ کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں