شمالی وزیرستان: ‏شہید پولیس اہلکار سہیل داوڑ کی نماز جنازہ گورنر کاٹیج میں ادا کر دی گئی

میران شاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل سہیل داوڑ کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ گورنر کاٹیج میں ادا کر دی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں بریگیڈئیر حسنین، ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور، ڈی سی عبدالناصر ، اے ڈی سی منظور آفریدی کے علاوہ پاک فوج اور پولیس کے افسران اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ضلعی پولیس کی طرف سے کانسٹیبل سہیل داوڑ کے جسد خاکی کو سلامی بھی دی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں بم دھماکے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل سہیل داوڑ شہید ہوگیا تھا۔ بم دھماکے کے نتیجے میں بھی ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا تھا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں