ایران کیساتھ ممکنہ جنگ: امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید 3 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا نے 3 ہزار اضافی فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کے مطابق امریکا نے ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی اہلکار بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ‘امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے خلاف ممکنہ خطرے کے مناسب جواب اور احتیاطی کارروائی کے طور پر فوجی دستوں کو کویت میں تعینات کیا جائے گا’۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون کے مطابق خطے میں امریکی افواج کو بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کو اپناتے ہوئے امریکا 82 ویں ایئر بورن ڈویژن سے قریب 3 ہزار اضافی فوجی مشرق وسطی بھیج رہا ہے۔

امریکی حکام نے رواں ہفتے کے آغاز میں عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ اس خطے میں ہزاروں اضافی فوج بھیجی جاسکتی۔

خیال رہے کہ امریکا مئی سے مشرق وسطی میں پہلے ہی تقریبا 14 ہزار اضافی فوجی روانہ کرچکا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں