شہید سلمان تاثیر انتہا پسندی کے خلاف آہنی دیوار بنے رہے: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہید سلمان تاثیر انتہا پسندی کے خطرات کے آگے کمزور طبقات کے حقوق و تحفظ کے لیے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے۔

پی پی رہنما اور سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی نویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید سلمان تاثیر کی شہادت ان کے خاندان اور پارٹی کے ساتھ ساتھ قوم کا بھی بہت بڑا نقصان تھی۔

بلاول نے کہا کہ ترقی پسند و جمہوریت پسند رہنما و کارکنان بنیادی طور قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و نظریاتی محاذ پر قیادت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتہا پسندی و مذہبی جنونیت کو ہمیشہ عوام کے حقوق غصب کرنے کے لیے بطور آلہ استعمال کیا گیا، جبکہ پیپلز پارٹی ملک میں رنگ، نسل یا عقیدے کی بنیاد پر کسی قانون کو غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وہ شہید بھٹو کی شروع کردہ وہ جدوجہد جاری رکھیں گے جو قائدِ اعظم کے 11 اگست 1947ء کے خطاب کی آئینہ دار ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ جدوجہد پاکستان کو مساوات، جمہوریت اور رواداری کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد ہے، اسی جدوجہد کے دوران ہم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور شہید سلمان تاثیر سمیت بے شمار ہیروز کی قربانیاں دیں اور ہم بڑی قربانیوں کے بعد ملنے والے حقوق پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں