راولپنڈی: دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، حملہ آور ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقہ صدر کے قریب ایف سی ناکے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد نے ناکہ پر کھڑے محافظ پیٹرولنگ اسکواڈ کے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر نعرہ لگایا اور فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کی آواز سن کر ڈولفن پولیس کا اہل کار موقع پر پہنچا تو دہشت گردوں نے اس پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور ایک راہ گیر خاتون بھی زخمی ہوگئے۔

مسلح افراد کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے تھے اور زخمییوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں دو پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

شہید بے نظیر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور سمیرا نامی خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد علی کا تعلق گوجر خان اور سعید احمد چونترہ کا رہائشی ہے، اور دونوں ہی شادی شدہ تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والا دہشت گرد سیالکوٹ آپریشن میں مارے جانے والے چار دہشتگردوں کا ساتھی تھا، ہلاک دہشت گرد کی شناخت آفتاب کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق ضلع قصور سے ہے۔

مارے جانے والے حملہ آور کی نعش پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ جبکہ کسی بھی گروپ یا تنظیم نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں