اسلام آباد (ڈیلی اردو) کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا، آئی جی پنجاب او آئی جی سندھ نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم تنصیبات، حساس مقامات، عبادت گاہوں، ہسپتالوں اور پارکوں سمیت دیگر عوامی مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الصوبائی اور بین الاضلائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔
عوامی مقامات کے گرد و نواح میں پیٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔
ملک بھر میں ایف آئی اے دفاتر،تمام بڑے اسٹیشنوں،ٹرک اڈوں،بس سٹینڈز پر ہنگامی طور پر سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے۔
ریلوے پولیس حکام نے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں اور حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں میں پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا، ریلوے ٹریک کا گشت بھی بڑھا دیا ہے اور دوسری جانب بس اڈوں کی مانیٹرنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔