کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گزشتہ شب سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کے مدرسہ دارلعلوم الشرعیہ میں نماز مغرب کی ادائیگی کے دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور 40 زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حکام کے مطابق دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاؤن کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ نمبر 4-20 کے تحت قتل و اقدام قتل سمیت ایکسپلویز ایکٹ اور دہشت گردی کی دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
خودکش بم دھماکے کے بعد شواہد اکھٹے کئے جانے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جب کہ جائے وقوعہ پر پولیس اور ایف سی کی نفری تعینات ہے۔
ادھر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے آٹھ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ 12 زخمی تاحال سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
غوث آباد مسجد میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے پانچ افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس میں لواحقین اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
کوئٹہ شہر میں یہ نئے سال کے دس دنوں میں دوسرا دھماکہ تھا۔
تین روز قبل شہر کے اندر لیڈی ڈفرن ہسپتال کے قریب ایک دھماکے میں دو افراد شہید اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔
لیڈی ڈفرن ہسپتال کے قریب سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو ہدف بنایا گیا تھا۔