اومان کے فرمانروا سلطان قابوس انتقال کر گئے، ملک میں تین روزہ سوگ

مسقط + اسلام آباد (ڈیلی اردو/اے پی پی) خلیجی ریاست سلطنت اومان کے فرمانروا سلطان قابوس بن سعید ہفتہ کو انتقال کرگئے۔ مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق سلطنت اومان کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں ہفتے کو علی الصباح سلطان بن قابوس بن سعید کی وفات کا اعلان کیا گیا۔ اس کے بعد اومان کی سرکاری نیوز ایجنسی اور سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر بھی ان کی وفات کی خبر نشر کی گئی ہے۔

سلطان قابوس بن سعید کی وفات کے بعد ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ آئندہ 40 دن تک ملک کا پرچم سرنگوں رہے گا۔ سلطان قابوس نے 23 جولائی 1970ء کو اقتدار سنبھالا۔ اس دوران انہوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کیں۔ ان کی سیاسی، اقتصادی، فوجی، سماجی اور ثقافتی اصلاحات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اومان کے فرماں روا سلطان قابوس کے انتقال پر اومانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیرِ اعظم نے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ عزت مآب سلطان قابوس بن سعید آل سعید کی رحلت پر اومان کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلطان قابوس ایک دانا شخصیت تھے جنہوں نے اومان کو جدید ریاست کی صورت میں ڈھالا، ان کی رحلت سے اومان نے اپنا عزیز قائد کھویا تو پاکستان ایک با اعتماد قریبی دوست سے محروم ہو گیا، اللّٰہ کریم ان پر ابدی سکون نچھاور کریں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں