مشہد (ڈیلی اردو/اے پی پی) ایران، امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے شہر مشہد پہنچ گے،وہ سعودی عرب کا بھی دورہ کریں گے، شاہ محمود قریشی دونوں ممالک کے ہم منصب سے ملاقاتوں میں حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر شاہ محمود قریشی ایران کے دورے پر مشہد پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر جنرل صوبہ خراسان رضاوی محمد صادق نے خیرمقدم کیا۔
وزیر خارجہ نے امام رضاعلیہ السلام کے روضہ پر حاضری دی، وزیر خارجہ نے احاطہ و روضہ ء امام رضا علیہ السلام میں نوافل ادا کئے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مشہد میں روضہء امام رضا علیہ السلام پر حاضری
وزیر خارجہ نے احاطہ ء روضہ ء امام رضا علیہ السلام میں نوافل ادا کئے#APPNews @SMQureshiPTI @TeamSMQ @ForeignOfficePk @MoIB_Official @ImranKhanPTI pic.twitter.com/EZzwIUdNiu
— APP ???????? (@appcsocialmedia) January 12, 2020
جس کے بعد وہ تہران کے لیے روانہ ہوئے، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔
شاہ محمود قریشی ایران میں اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ 13جنوری کو تہران سے ریاض جائیں گے جہاں وہ سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات میں ایران امریکہ کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے، سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کی جائے۔