اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ جانی خیل کی حدود میں بارودی مواد کے دھماکہ میں دو دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ جانی خیل کی حدود میں واقع بچکی جانی خیل میں دھماکہ آئی ای ڈی پھٹنے سے ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت رسول زمان اور احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان اسحاق گروپ سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے سڑک کے کنارے دیسی ساختہ بم نصب کر رہے تھے کہ خود ہی اس کی زد میں آگئے۔
پولیس نے دونوں زخمیوں دہشت گردوں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دی ہے۔