نیو یارک: نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی

نیویارک (ڈیلی اردو/اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری معصوم کشمیریوں کو بھارتی جبرو استبداد سے نجات دلانے کے لئے نتیجہ خیز اقدام اٹھائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں بریفنگ کے دوران کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنم لیتے ہوئے ممکنہ انسانی المیے کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی اور مواصلات کے بلیک آؤٹ کے ذریعے حقائق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ پاکستان مشرق وسطی کے بحران میں فریق نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی پر سفارتکاری کو موقع دینا چاہیے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں