کابل (ڈیلی اردو/آئی این پی) افغانستان کے مغربی صوبہ غور میں فوجی دباؤ میں اضافے کی وجہ سے 40 طالبان جنگجوؤں نے افغان قومی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے ہیں، افغان وزارت دفاع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
بدھ کے روز وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی صوبہ غور کے ضلع شاہرک میں منگل کے روز تقریباً 40 طالبان عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈالتے ہوئے لڑائی ترک کردی ہے۔
جنگجوؤں نے ایسی صورتحال میں ہتھیار ڈالے ہیں جب شاہرک میں افغان فوج، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا مشترکہ کلین اپ اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق تقریباً 150 طالبان نے پچھلے ہفتوں کے دوران شاہرک میں فوج کے سامنے ہتھیار ڈالے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سابقہ جنگجوؤں نے یہ بات جان لی ہے کہ طالبان عسکریت پسند افغانوں کو نقصان پہنچانے کیلئے لڑ رہے ہیں اسلئے انہوں نے اس غلط رستے کو ترک کردیا ہے اور امن اور مصالحت کےعمل میں شریک ہوگئے ہیں۔
جنوری سے میں حکومتی فورسز نے ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا ہے اور 350 سے زائد جنگجوؤں نے مقامی انتظامیہ کے سامنے ہتھیار پھینک دئیے ہیں۔ عسکریت پسند گروپ کی جانب سے تاحال اس رپورٹ پرکوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔