2018 کی نسبت 2019 کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رپورٹ جاری کردی گئی ہے، پاکستان میں دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں دو ہزار انیس میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2018 میں پاکستان کا سی پی آئی اسکور 33 تھا جو 2019 میں ایک درجہ تنزلی سے 32 ہوگیا، جس کے باعث 180 ممالک میں پاکستان 117 سے 122 نمبر پر آ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دو ہزار انیس میں زیادہ تر ممالک کی کرپشن کم کرنے میں کارکردگی بہتر نہیں رہی، دو ہزار انیس میں پہلا نمبر حاصل کرنے والے ڈنمارک کا اسکور بھی ایک پوائنٹ کم ہو کر ستاسی رہا، امریکا کا اسکور دو، برطانیہ، فرانس کا چار اور کینیڈا کا انسداد بدعنوانی اسکور چار درجہ کم ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق جی سیون کے ترقی یافتہ ممالک بھی انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں پھنسے ہوئے ہیں، بھارت بھی دو درجہ تنزلی سے 80 نمبر پر آگیا ہے۔

رواں سال نیوزی لینڈ، ڈنمارک، فن لینڈ، سنگاپور، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ میں کرپشن سب سے کم رہی، صومالیہ، جنوبی سوڈان، شام، یمن، وینزویلا، گنی اور افغانستان دنیا کے کرپٹ ترین ممالک قرار پائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں