ایران کے میزائل حملے میں 50 فوجی زخمی ہوئے تھے: پینٹاگون کی تصدیق

واشنگٹن(ڈیلی اردو/وائس آف ایشیا) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے جاری کئے گئے نئے اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ عراق میں ایرانی میزائل حملے سے زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔

پینٹاگان کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمبل نے ایک بیان میں کہا کہ عراق میں ایرانی میزائل حملوں میں اہلکاروں کو ذہنی دھچکا (ٹی بی آئی) لگنے کی تشخیص ہوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ 50 میں سے 31 اہلکاروں کا علاج عراق میں ہوا اور وہ ڈیوٹی پر واپس آئے جب کہ 18 کی تشخیص جرمنی میں کی جارہی ہے جبکہ ایک اہلکار کویت منتقل کیا گیا تھا اور وہ پہلے ہی ڈیوٹی پر واپس آگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعداد اب بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکن فوج نے گزشتہ جمعہ کو کہا تھا کہ 8 جنوری کو مغربی عراق میں عین الاسد اڈے پر ایرانی میزائل حملوں میں 34 فوجیوں کو ذہنی صدمہ پہنچا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں