بیت المقدس ہاتھ سے نکلا تو مکہ اور مدینہ کو بھی نہیں بچا پائیں گے، ترک صدر اردگان

انقرہ (ڈیلی اردو/آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ بیت المقدس ہاتھ سے چلا گیا تو پھر ہم مکہ اور مدینہ کو بھی نہیں بچا پائیں گے، مقبوضہ بیت المقدس مسلمانوں کیلئے مقدس ترین مقام ہے جسے کبھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کی شدید مخالفت کی ہے اور مسلمانوں کو خبردار بھی کر دیا ہے۔

رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ بیت المقدس مسلمانوں کے ہاتھ سے نکل گیا تو پھر ہم مکہ اور مدینہ کو بھی نہیں بچا پائیں گے۔ مقبوضہ بیت المقدس مسلمانوں کیلئے مقدس ترین مقام ہے جسے کبھی اسرائیل کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔

ترک صدر کہتے ہیں کہ امریکی صدر کا مڈل ایسٹ منصوبہ ناقابل قبول ہے، جو فلسطینیوں کے حقوق کو نظرانداز کرتا ہے، منصوبے کا مقصد اسرائیل کے قبضے کو جائز قرار دینا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور فلسطین تنازع ختم کرنے کیلئے دو ریاستی حل تجویز کر دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل امن کی جانب بڑا قدم بڑھا رہا ہے، اس منصوبے سے فلسطینیوں کے پاس آزاد ریاست کے حصول کیلئے تاریخی موقع ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ اس کیلئے آخری موقع ہو۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی غربت اور تشدد کا شکار ہیں، ان کا استحصال ان لوگوں نے کیا جو دہشت گردی اور انتہا پسندی کو آگے بڑھانے کے لئے انہیں استعمال کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے منصوبے کے تحت کوئی فلسطینی بے گھر نہیں رہے گا اور فلسطینی عوام زیادہ بہتر زندگی گزارنے کے مستحق ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع ختم کرانے کیلئے دو ریاستی حل بہترین آپشن ہے، اس منصوبے کے تحت مشرقی بیت المقدس فلسطین جبکہ یروشلم اسرائیل کا دارالحکومت رہے گا۔ ٹرمپ کے امن منصوبے میں اسرائیل آباد کاریوں کو چار سال کیلئے منجمد کرنے کی تجویز شامل ہے جبکہ فلسطینی علاقے کو دوگنا کر دینا بھی ٹرمپ امن منصوبے کا حصہ ہے۔

امن منصوبے کی تجاویز سامنے آنے کے بعد فلسطین نے سختی سے ٹرمپ کے امن منصوبے کو مسترد کیا۔ فلسطین نے عالمی برادری سے ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔

حماس نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق بیان اشتعال انگیز ہے، بیت المقدس سے متعلق ٹرمپ کا پلان بے ہودہ ہے اور مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کی ہی سرزمین رہے گی۔ حماس نے کہا کہ فلسطین کے عوام امریکی منصوبے کا مقابلہ کرے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں