راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکا کے افغان مفاہمتی عمل کے لیے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان میں مفاہمتی عمل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی تھی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مستحکم اور پرامن پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے، انسداد دہشت گردی، امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔
یاد رہے کہ مہاجرین سے متعلق کانفرنس میں زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اندرونی مسائل کا سامنا ہے۔ افغان امن عمل میں پیشرفت کے لیے پر امید ہیں۔ باہمی برداشت، سوچ میں تبدیلی اور مفاہمت کی ضرورت ہے۔