اٹک (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی اہلکار کو شہید کردیا۔
اٹک پولیس کے مطابق رات گئے سی ٹی ڈی اہلکار سہیل احمد پر نرتوپا کے مقام پر نامعلوم ملزمان نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے، فائرنگ کے باعث وہ شدید زخمی ہوا، فوری طور پر اسے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل سہیل احمد ضلع اٹک کی سی ٹی ڈی میں تعینات تھا۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ کانسٹیبل کو شہید کرنے والے ملزمان کو جلد ٹریس کرلیا جائے گا۔
شہید کانسٹیبل محمد سہیل کی نماز جنازہ پولیس لائن اٹک میں ادا کی گئی۔ شہید کے جسد خاکی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی، ایس پی سی ٹی ڈی اور پولیس افسران سمیت سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
"پنجاب پولیس کا ایک اور بہادر فرزند محمد سہیل پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہو گیا"
اٹک پولیس شہید کانسٹیبل محمد سہیل اور ان کی فیملی کو سلام پیش کرتی ہے۔واقعہ کے ذمہ دار دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا۔ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی pic.twitter.com/uk7KtFtUPN— Attock Police (@AttockDpo) February 28, 2020