بلوچستان اب بھی دہشتگردی کا شکار ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کوئٹہ (ڈیلی اردو) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان سے مل کر کرونا وائرس کے حوالے سے حکمت عملی طے کریں گے۔ بلوچستان اب بھی دہشتگردی کا شکار ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ ایک دن کے مختصر دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ ایئرپورٹ پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک اور دیگر کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔

جتک ہاؤس کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کوئٹہ میں پارٹی قیادت اور کارکنوں سے ملنے آیا ہوں۔ صوبہ بلوچستان کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کیا، بلوچستان کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے حقوق بلوچستان منصوبے کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے مل کر کرونا وائرس سے متعلق حکمت عملی تیارکریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی پولیس سندھ کا معاملہ انتظامی مسئلہ ہے، وفاق مداخلت کررہا تھا۔ نئے پاکستان میں اپوزیشن یا وفاق سے پوچھ کر کوئی افسر نہیں لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری مہنگائی کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آٹا بحران سندھ کا نہیں، وفاق کا پیدا کردہ ہے۔

ایک اور سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے پانی کے مسئلے کا حل 1991ء کے معاہدے پر عملدرآمد سے ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی بلوچستان کے کارکنوں سے ملاقات بھی کی اور وہاں سے اسٹاف کالج کوئٹہ کینٹ گئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں