عراق: شمالی بغداد میں داعش کا حملہ، 2 امریکی فوجی ہلاک

بغداد (ڈیلی اردو) عراق میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک حملے میں 2 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجی عراقی فورسز کے ہمراہ داعش کے خلاف آپریشن کررہے تھے، دہشت گردوں کے حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ عراق کے شمال وسطی حصہ میں پیش آیا، جہاں عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) سے علاقہ خالی کروانے کے لئے کارروائی جاری تھی۔

امریکی محکمہ دفاع نے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار داعش کے خلاف لڑنے والی امریکی فورس کا حصہ تھے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حملہ بغداد کے شمال میں داعش کی جانب سے کیا گیا اور حملے کے وقت امریکی اور عراقی فوج مشترکہ آپریشن میں مصروف تھیں۔

سینٹرل کمانڈ نے ہلاک اہلکاروں کے اہل خانہ سے رابطے سے قبل شناخت ظاہر نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کا اعلان کیا ہے اس سے سلسلے میں عراق میں 15 چھاؤنیوں سے انخلاء بھی کیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق عراق میں اس وقت امریکا کے 5 ہزار 200 فوجی موجود ہیں جو کہ داعش کے خلاف عراقی سیکیورٹی فورسز کی مدد کررہے ہیں۔

رواں سال کے آغاز میں بغداد میں امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے امریکی افواج کو عراق سے واپس بھیجنے کی قرارداد بھی منظور تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں