باڑہ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے آفریدی قبیلے کے چار عمائدین کو شدید زخمی کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے ملوک، خان گل، عزت گل اور ملک حاجی غلام سکنہ لنڈی کوتل ایک گاڑی میں بازار جا رہے تھے کہ ہسپتال چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ملوک اور خان گل زخمی ہوگئے۔ وہ عبد الجبار اور ایک شدت پسند تنظیم کے مابین ضمانتی تھے۔ عبد الجبار کو 2013 میں اپنے والد کے قتل اور قاتلوں کی تلاش کے دوران اغوا کیا گیا تھا اور پھر مذکورہ افراد کی ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ عبدالجبار کے والد افضل خان کو دس سال قبل بے دردی سے قتل کیا گیا تھا اور اس کے بعد کالعدم تنظیم نے عبدالجبار کو اغوا کیا تھا۔
کالعدم تنظیم نے اس نوجوان کو علاقے کے چار بڑوں کی ضمانت پر رہا کیا جبکہ رہائی کے فورا بعد ہی عبدالجبار اپنی جان بچانے کے لئے اس علاقے سے بھاگ نکلا۔ ایک ذرائع نے بتایا کہ چار عمائدین مقدمہ درج کرنے کے لئے تھانے جارہے تھے کیونکہ انہیں پچھلے کچھ ہفتوں سے نامعلوم نمبروں سے جان کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔