19

تحریک انصاف نے آصف زرداری کو پاکستان مخالف قوتوں کا آلہ کار قرار دیدیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے ترجمان عمر سرفراز چیمہ نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو پاکستان مخالف قوتوں کا آلہ کار قرار دے دیا۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے حالیہ بیان میں آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور اُن کے درباری ملک مخالف قوتوں کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ ’آصف زرداری کی پیپلزپارٹی سے سنجیدہ سیاست کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی کیونکہ اب پی پی چور مچائے شور پارٹی بن چکی ہے‘۔

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کی عالمی کانفرنس میں خطاب سے واضح ہوا کہ ملکی قیادت ایک وژن رکھتی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ قیادت کی ساکھ، حکومتی اقدامات کی وجہ سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور انہوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے کامیاب دورہ متحدہ عرب امارات پر تنقید کی تھی اور آئی ایم ایف کے سربراہ سے ملاقات پر بھی وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں